کراچی شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز سونمیانی کے قریب اور کراچی سے تقریباً 87 کلومیٹر شمال مغرب میں بتایا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جھٹکے رات 12 بج کر 51 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں کلفٹن، صدر، سائٹ ایریا، ڈی ایچ اے فیز 8، پی ای سی ایچ ایس، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد اور بفر زون میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔