اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر احتجاج کی کال کے پیش نظر شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 6 مارچ 2026 کے لیے شہر کے مختلف حصوں خصوصاً ریڈ زون اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر متبادل راستوں کا تعین کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام عمومی داخلی راستے بند رہیں گے، تاہم ریڈ زون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ اور ہوٹل کے قریب موجود راستے کھلے رکھے جائیں گے۔اسی طرح کلثوم پلازہ سے چائنہ چوک کی طرف جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ شہری متبادل کے طور پر جناح ایونیو استعمال کر سکیں گے۔پولی کلینک سے لال کوارٹر چوک (لقمان حکیم روڈ) تک ٹریفک کے لیے ڈائیورشن رکھا گیا ہے اور اس علاقے کے مسافروں کو صدر روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید برآں کلب روڈ سے آنے والی ٹریفک کو کشمیر چوک سے سری نگر ہائی وے کی جانب موڑا جائے گا، جہاں سے گاڑیاں سیونتھ ایونیو یا مارگلہ روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔شہری مزید معلومات کے لیے پکار 15، ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سنتے رہیں۔