اسلام آباد (ویب ڈیسک)سید نوید قمر نے اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے کا دورہ کر کے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت دیگر شہداء کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے ایرانی حکام سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
ایرانی سفارت خانے میں شہداء کی یاد میں کتابِ تعزیت رکھی گئی تھی، جہاں سید نوید قمر نے اپنے تاثرات قلمبند کیے اور ایرانی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
سید نوید قمر نے بین الاقوامی قوانین کے احترام، ریاستی خودمختاری کی پاسداری اور تنازعات کے پُرامن حل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔