مارچ 2026 میں سال کا واحد مکمل چاند گرہن “بلڈ مون”، چاند سرخ رنگ اختیار کرے گا

اگلے ماہ مارچ میں سال 2026 کا پہلا اور واحد مکمل چاند گرہن دیکھا جا سکے گا، جسے عام طور پر “بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔ اس فلکیاتی مظہر کے دوران چاند سرخ یا نارنجی رنگ میں تبدیل ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ مکمل چاند گرہن 3 مارچ 2026 کو ہوگا۔ امریکی خلائی ادارے NASA کے مطابق گرہن کے دوران چاند کا پورا قرص تقریباً 12 منٹ تک گہرے سرخ رنگ میں نظر آئے گا، جو آسمان دیکھنے والوں کے لیے ایک شاندار منظر پیش کرے گا۔

یہ 2026 کا پہلا بڑا فلکیاتی واقعہ ہوگا جسے بغیر کسی خاص آلات کے محفوظ طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ مکمل چاند گرہن کے مشاہدے کے لیے آنکھوں کے تحفظ کی ضرورت نہیں ہوتی۔یہ گرہن شمالی اور وسطی امریکا، مشرقی ایشیا، آسٹریلیا اور بحرالکاہل کے بعض علاقوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، جبکہ وسطی ایشیا اور جنوبی امریکا کے کئی حصوں میں یہ جزوی طور پر نظر آئے گا۔ تاہم افریقہ اور یورپ میں یہ گرہن دکھائی نہیں دے گا۔ماہرین کے مطابق ایسا مکمل چاند گرہن اب 2028 تک دوبارہ نہیں ہوگا اور دنیا کی صرف تقریباً 2 فیصد آبادی کو یہ موقع ملے گا کہ وہ گرہن کو آغاز سے اختتام تک دیکھ سکے۔واضح رہے کہ مکمل چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، جس کے باعث زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ زمین کی فضا سے گزرنے والی روشنی چاند تک پہنچ کر اسے سرخ یا نارنجی رنگ دے دیتی ہے۔