انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کے پہلے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آمنے سامنے ہوں گی۔میگا ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا یہ پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقابلے کی تیاری کے لیے دن کے اوقات میں بھرپور پریکٹس کی۔نیوزی لینڈ کے کوچنگ اسٹاف نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کی بولنگ کا توڑ نکالنے کے لیے بیٹرز کو انہی کے ایکشن میں گیندیں کرائیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن فلڈ لائٹس میں شیڈول تھا تاہم کولمبو میں بارش کے باعث یہ سیشن منسوخ کر دیا گیا۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کھلاڑی پُراعتماد ہیں اور تیاری مکمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم گزشتہ 6 ماہ سے اس مرحلے کی تیاری کر رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین الیون میدان میں اتاری جائے۔واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز بالترتیب انگلینڈ کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے خلاف 24 اور 28 فروری کو کھیلے گا۔