کراچی: شہر قائد میں ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پیشہ ور گداگروں کی سرگرمیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ گداگر ٹولیوں کی صورت میں گلی محلوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر پھیل گئے ہیں جس کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔رمضان المبارک میں عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے گداگر خواتین اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر زبردستی اور ہراسانی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متعدد بار کریک ڈاؤن کیے جانے کے باوجود شہری اس مسئلے سے نجات حاصل نہیں کر سکے، جس پر عوام نے مؤثر اور مستقل کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔