بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ فورسز کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز خفیہ اطلاع پر آپریشن میں مصروف تھیں کہ اسی دوران بھارتی پراکسی گروہ ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھری خودکش گاڑی کے ذریعے بڑی تباہی کا منصوبہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اگلے دستوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار کو روکنے کی کوشش کی، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گرد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی اپنی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جبکہ افغان طالبان حکومت ان عناصر کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ’عزمِ استحکام‘ کے تحت فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔