کراچی میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 26 ہزار 157 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کے دوران تراویح کے 4 ہزار 582 مقامات پر 10 ہزار 133 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ سیکیورٹی پلان میں 4 ہزار 7 مساجد، 270 امام بارگاہیں اور 305 اوپن مقامات شامل ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہر کے 353 تجارتی اور عوامی مقامات پر 2 ہزار 989 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جب کہ 126 مارکیٹس، 219 مالز و شاپنگ سینٹرز اور 8 رمضان بازاروں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی، اسنیپ چیکنگ اور موبائل پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا، جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بڑھانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ڈیوٹی افسران کو الرٹ رہنے اور فوری رسپانس یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع مددگار 15 پر دیں۔