سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس ڈکیتی، بے نمبری موبائل میں سوار سادہ لباس اہلکاروں کی دو دکانوں پر لوٹ مار

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7 سی میں ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بے نمبری پولیس موبائل میں موجود پولیس اسپیشلائزڈ یونٹ کے سادہ لباس اہلکاروں پر دو دکانوں میں مبینہ ڈکیتی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں سادہ لباس اہلکاروں کو گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائی کی آڑ میں لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق مبینہ اہلکاروں نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 سی میں واقع شیخ پلاسٹک نامی دکان میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور کیش کاؤنٹر لوٹ لیا۔ متاثرہ دکاندار کے مطابق اہلکار کلاشنکوفیں اور بلٹ پروف جیکٹس پہنے ہوئے تھے اور واردات کے بعد سامان بورियों میں بھر کر پولیس موبائل میں ڈال کر لے گئے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مبینہ طور پر اہلکاروں نے پہلے ایک گٹکا فروش کی دکان پر چھاپہ مارا اور بعد ازاں قریب واقع پان، چھالیہ اور تمباکو کی دکان پر رک گئے۔ دکاندار کا دعویٰ ہے کہ اہلکار تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے نقد اور لاکھوں روپے کا دیگر سامان لے گئے۔متاثرہ دکاندار نے جب سرجانی ٹاؤن تھانہ سے رجوع کیا تو پولیس عملے نے مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا۔ واقعے کے بعد شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔