فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جرمنی کا 3 روزہ دورہ

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف سید عاصم منیر نے جرمنی کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور انسدادِ دہشت گردی سمیت اہم امور پر متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ 12 سے 14 فروری تک جاری رہا، جس میں فیلڈ مارشل نے میونخ میں منعقدہ عالمی سکیورٹی فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں اور عسکری حکام سے تبادلۂ خیال کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات مارکو روبیو سے ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

جرمن قیادت سے ملاقاتوں کے سلسلے میں انہوں نے الیگزینڈر ڈوبرنٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی امور کے مشیر گنٹر سوٹر اور جرمن مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس کارسٹن بریور سے بھی ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں جدید سکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ عسکری روابط اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگئیار فریرے سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

مزید برآں لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی، دفاعی اشتراک اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

عسکری حکام کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے عالمی دفاعی و سفارتی روابط کو مستحکم بنانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔