بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور ان کے معائنے کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت نے عمران خان کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کے تحت کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے، اور ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ماہرِ صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے بھی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاکہ ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جا سکے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور اسے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت علاج کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور اس معاملے کو قومی ذمہ داری کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔