وزیراعظم شہباز شریف کا رمضان ریلیف پیکیج 2026 کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے “رمضان ریلیف پیکیج 2026” کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے کی نقد رقم فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق، 38 ارب روپے کے حجم پر مشتمل اس پیکیج کے تحت ملک بھر کے 1 کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کے اکاؤنٹس میں فوری طور پر رقم منتقل کی جانے لگی ہے۔ یہ رقم وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل والٹس اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں بلا تفریق ہر حق دار خاندان کو 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، اور 21 لاکھ سے زائد ایسے خاندان بھی شامل ہیں جو کسی سرکاری کفالت پروگرام کا حصہ نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے زیر کفالت خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر، 6 کروڑ افراد اس ریلیف پیکیج سے مستفید ہوں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے اشیاء کی فراہمی کا پرانا نظام ختم کر دیا گیا ہے، تاکہ عوام باعزت اور شفاف طریقے سے ریلیف حاصل کر سکیں۔

وفاقی وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی پیکیج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 9999 قائم کی گئی ہے۔

سیکریٹری بی آئی ایس پی عامر علی نے کہا کہ 2025 میں ہر مستحق خاندان کو 5 ہزار روپے فراہم کیے گئے تھے، لیکن وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس سال یہ رقم 13 ہزار روپے کر دی گئی ہے تاکہ مستحق طبقات کو باعزت اور شفاف ریلیف فراہم کیا جا سکے۔