شہرِ قائد کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں عنقریب دلہا بننے والے ایک نابینا شخص کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق اللہ والا کالج کے قریب ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور 40 سالہ دانش کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گھر سے تین موبائل فون غائب تھے جو بعد میں گھر کے قریب ایک میدان سے مل گئے۔ ان موبائل فونز میں نابینا افراد کے استعمال کے لیے ٹاک بیک سافٹ ویئر نصب تھا۔ لواحقین کے مطابق دانش پیدائشی نابینا نہیں تھے بلکہ وقت کے ساتھ ان کی بینائی ختم ہوگئی تھی۔ وہ بلدیہ کے ایک اسکول میں نائب قاصد کی حیثیت سے ملازمت کرتے تھے اور گھر میں بچوں کو قرآنِ پاک بھی پڑھاتے تھے۔ ان کی جلد شادی ہونے والی تھی اور گزشتہ رات ہی شادی کی خریداری بھی کی گئی تھی۔
دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق شاداب گراؤنڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چلیدہ خول، چار موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔