کسٹمز اور کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائیاں، 4 کروڑ کی بھارتی کاسمیٹکس اور اربوں مالیت کی منشیات برآمد

کسٹمز انفورسمنٹ نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تقریباً 4 کروڑ روپے مالیت کی بھارتی ساختہ اسمگل شدہ کاسمیٹکس برآمد کر لی، جبکہ دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور چاندی قبضے میں لے لی۔

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے کراچی کی بولٹن مارکیٹ کے قریب فیروزوالہ بلڈنگ میں قائم غیر قانونی گوداموں پر چھاپہ مارا۔ کارروائی 10 اور 11 فروری 2026 کو مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔

کسٹمز حکام کے مطابق یہ آپریشن کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین احمد وانی اور ایڈیشنل کلکٹر کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لایا گیا۔ ضبط کیے گئے عالمی برانڈز پر مشتمل کاسمیٹکس کی مارکیٹ قیمت تقریباً 4 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 168 کے تحت ضبط کر کے دفعہ 171 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

کلکٹر کسٹمز نے کامیاب کارروائی پر اے ایس او ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔ ترجمان کے مطابق تلاشی اور چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں چرس، افیون اور چاندی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 3 کروڑ 33 لاکھ ڈالر (9 ارب روپے سے زائد) بتائی جا رہی ہے۔

کوسٹ گارڈز حکام کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی منشیات اور چاندی کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ملک سے اسمگلنگ اور منشیات کے خاتمے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔