شہر قائد کے علاقے صدر میں پولیس کے دعوؤں کے باوجود بھتہ خور ایک بار پھر متحرک ہو گئے۔ صدر الیکٹرانک مارکیٹ کے ایک تاجر کو گینگ وار کے نام پر غیر ملکی نمبروں سے بھتے کی کالز موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق تاجر عرفان ظہور نے تھانہ پریڈی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ مدعی کے بیان کے مطابق یکم فروری کو انہیں واٹس ایپ پر ایک غیر ملکی نمبر سے کال موصول وئی، جس میں کال کرنے والے شخص نے خود کو گینگ وار کا کارندہ ظاہر کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔عرفان ظہور کے مطابق جب انہوں نے فون بند کر دیا تو ملزم نے مختلف نمبروں سے بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ فون اٹینڈ نہ کرنے پر واٹس ایپ پر صوتی اور تحریری پیغامات بھی بھیجے گئے، جن میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ پیغام میں کہا گیا کہ “فون اٹھاؤ ورنہ انجام اچھا نہیں ہوگا”۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کالز کے ریکارڈ اور نمبروں کی تفصیلات حاصل کر کے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔