بنوں میں بڑی کارروائی: دہشتگرد کمانڈر گرفتار

کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مطلوب دہشتگرد کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔ایس پی سی ٹی ڈی بنوں فضل واحد خان کے مطابق ریجن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مطلوب دہشتگرد کمانڈر اسامہ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم ایک نئی دہشتگرد تنظیم کا سرگرم کمانڈر ہے اور اس نے دورانِ تفتیش 9 بڑی دہشتگرد کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔فضل واحد خان کے مطابق اسامہ نے دسمبر 2025 میں اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ پر حملے سمیت متعدد حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ گرفتار دہشتگرد نے سابق ایس ایچ او عابد وزیر کے اغوا اور قتل میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ایس پی سی ٹی ڈی بنوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے لکی مروت امن کمیٹی کے 3 رہنماؤں کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ وہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں کے اغوا میں بھی شامل رہا۔ ان کے مطابق اسامہ کے ہاتھوں غوا کیا گیا ایک ایف سی اہلکار تاحال بازیاب نہیں ہو سکا۔حکام کے مطابق ملزم پولیو افسر ملک اسحاق اور ان کے گن مین کے قتل میں بھی ملوث ہے، جبکہ اس کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔آئی جی خیبر پختونخوا نے مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا