شہر قائد کے علاقے شیریں جناح کالونی میں دیرینہ تنازع کے حل کے لیے بلائے گئے جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق فریقین کے درمیان کافی عرصے سے لین دین کا تنازع چل رہا تھا، جس کے تصفیے کے لیے مقامی سطح پر جرگہ منعقد کیا گیا۔ تاہم جرگے کے دوران صلح نہ ہو سکی اور بات تلخ کلامی سے شروع ہو کر اچانک فائرنگ تک جا پہنچی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت کامران اور سرتاج کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی قیقات کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار، یعنی ماموں بھانجے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔