سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کے خلاف فیورٹ ہے اور قومی ٹیم بھارتی سورماؤں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے، جو کسی بھی بڑی ٹیم کے خلاف کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دے گا۔
انہوں نے میچ کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ہائی وولٹیج مقابلے میں اصل جنگ دونوں ٹیموں کے اسپنرز کے درمیان ہوگی۔ ان کے مطابق جو ٹیم درمیانی اوورز میں بہتر کارکردگی دکھائے گی، وہی میچ پر گرفت مضبوط کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں عاقب جاوید نے کہا کہ موجودہ حالات اور مذاکرات کے تناظر میں بھارتی کھلاڑی میچ کے بعد ہاتھ ملائیں گے یا نہیں، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم پاکستانی کھلاڑی ہمیشہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی پابندی کرتے ہیں۔
دوسری جانب سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے بھی پاک بھارت ٹاکرے کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کا امتزاج متوازن ہے۔ ان کے مطابق اگر کھلاڑی دباؤ میں خود کو کنٹرول رکھیں تو بہتر فیصلے اور شاندار کارکردگی سامنے آئے گی، جس سے شائقین کو ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔