کراچی میں کے الیکٹرک کے عملے کے اغوا کی کوشش ناکام، پولیس مقابلے کے بعد تین ملازمین بازیاب

شہر قائد کراچی میں کے الیکٹرک کے عملے کو اغوا کرنے کی بڑی واردات پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے مقابلے کے بعد تینوں مغوی ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح ملزمان لائنز ایریا پہنچے اور کے الیکٹرک کی ٹیم کو یرغمال بنا کر اغوا کر لیا۔ ملزمان تینوں ملازمین کو ان ہی کی سرکاری گاڑی میں بٹھا کر مختلف علاقوں میں گھماتے رہے جبکہ ملزمان کی اپنی گاڑی بھی ساتھ ساتھ چلتی رہی۔حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ واردات ملزمان نے آرام باغ کے علاقے میں ایک دکان کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے مالیت کا کاپر اور دیگر سامان بھی لوٹ لیا۔پولیس کے مطابق مغوی ٹیم نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مددگار ون فائیو کو اطلاع دی اور گاڑی میں نصب ٹریکر کے ذریعے اپنی لوکیشن فراہم کی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا۔جب ملزمان بوٹ سن کے علاقے میں پہنچے تو پولیس نے ناکہ بندی کر کے گاڑی روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں 15 سے 16 گولیاں چلائی گئیں۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کے الیکٹرک کی گاڑی چھوڑ کر اپنی گاڑی میں فرار ہو گئے۔پولیس نے گاڑی کے پچھلے حصے میں موجود تینوں مین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے کی مزید قانونی تفتیش کی جا رہی ہے۔