کوئٹہ: مریم نواز کا ایف سی بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے امداد کا اعلان

کوئٹہ (11 فروری 2026): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایف سی بلوچستان کی مالی معاونت کے لیے 10 ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز بلوچستان کا دورہ کیا اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل معلوم ہوا کہ ایف سی کو فنڈز کی ضرورت ہے۔ بلوچستان تنہا نہیں، ہم سب اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف سی کے جوان ملک کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں اور دھرتی کے دفاع کے لیے صفِ اول میں موجود ہیں۔ شہدا کی تعداد تقریباً ایک ہزار کے قریب ہے، آپ کی ہر جان ہمارے لیے انتہائی قیمتی ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ دشمن منظم حکمت عملی کے تحت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جو پاکستان کو کمزور کرتا ہے وہ دوست نہیں بلکہ دشمن ہے۔ اگر ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہو جائیں تو دشمن ہمارے خلاف کامیاب نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے۔ ہمیں روایتی جنگ کے ساتھ ساتھ ففتھ جنریشن وار کا بھی سامنا ہے، جس میں ذہنوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ تاہم ہمیں تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا، جس سے جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی۔ اسی طرح بلوچستان میں بھی امن کے قیام کے لیے ایف سی کی استعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔