اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سردار اختر مینگل نے 3 ستمبر 24ء کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم اسپیکر سردار ایاز صادق نے تقریباً ایک سال پانچ ماہ بعد اسے منظور کیا۔سردار اختر مینگل این اے 256 خضدار سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ 8 فروری کے عام انتخابات میں بھی اسی حلقے سے کامیاب قرار پائے تھے۔ انہوں نے بلوچستان کی صورتحال اور حکومت کی جانب سے اپنے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر استعفیٰ دیا تھا۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی جنید اکبر نے کورم کی نشاندہی کی، جس کے باعث اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب متوقع ہے، جبکہ اس فیصلے کے بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔