وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر اور منظم گینگز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کھنہ پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بدنام زمانہ ’شیخو گینگ‘ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بنا کر لوٹتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی 22 لاکھ روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اسلحے کے زور پر متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے مزاحمت کرنے والے شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی انکشاف کیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظم اور متحرک گینگز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔