کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس کا کیس تاجر اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق تاجر اصغر نے اپنے دو ملازمین عامر اور عمران کو 30 لاکھ روپے ایک تھیلے میں بھر کر بینک میں جمع کرانے کے لیے دیے تھے۔ ملازمین رقم لے کر کورنگی ڈھائی نمبر پہنچے تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے انہیں روک لیا۔ملزمان نے اسلحہ دکھا کر رقم سے بھرا تھیلا اور موبائل فون چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ مدعی کے مطابق ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔