پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کے کیس میں اہم پیش رفت، سی ڈی اے کا جواب سامنے آ گیا

اسلام آباد میں پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کرایا ہے۔سی ڈی اے نے 6 صفحات پر مشتمل جواب میں کہا کہ پیپر ملبری کی کٹائی کی منظوری وزیر اعظم آفس نے دی تھی۔ جواب میں مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2022 میں ماحولیات کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، جس میں انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سمیت دیگر متعلقہ ادارے شامل کیے گئے۔سی ڈی اے کے مطابق 2023 میں پولن الرجی کے خاتمے سے متعلق کمیٹی میٹنگ اور پھر پبلک ہیئرنگ منعقد کی گئی، جس میں پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کی ضرورت پر غور کیا گیا۔ سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ پولن الرجی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کے حوالے سے سائنسی تحقیق موجود ہے۔سی ڈی اے کے جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ صحافی سلیم صافی نے 2024 میں پولن الرجی کے خاتمے سے متعلق ایک آرٹیکل لکھا تھا، جس کے بعد وزیر اعظم آفس نے نوٹس لے کر سی ڈی اے کو اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی۔