متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر قرض ایک ماہ کے لیے رول اوور کر دیا

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کے قرض کو ایک ماہ کے لیے رول اوور کرنے کی منظوری دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ رقم گزشتہ ماہ میچور ہو چکی تھی، تاہم متحدہ عرب امارات نے اس قرض کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کے قرض کو ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی دوبارہ درخواست بھی کی ہے۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 ارب ڈالر بطور ڈپازٹ رکھے گئے ہیں، جو بیلنس آف پیمنٹس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ ان میں سے ایک ارب ڈالر جولائی میں میچور ہونا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے تینوں اقساط کو ایک ساتھ ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی درخواست کی گئی ہے، تاکہ زرِ مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کیا جا سکے۔