محکمہ ٹریفک پولیس پنجاب نے تین سالہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔تفصیلات کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ جنوری 2026 کے دوران ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ جاری کیے گئے لائسنسز میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد لرننگ لائسنس، 4 لاکھ سے زائد معمول کے ڈرائیونگ لائسنس اور تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار لائسنسز کی تجدید شامل ہے، جن میں لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ 2 ہزار 500 سے زائد شہریوں نے گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے دوبارہ درخواست دی، جبکہ 4 ہزار 500 سے زائد بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹس بھی جاری کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا غیر قانونی ہے، جس پر بھاری جرمانہ اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای-ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت فزیکل کارڈ کے برابر ہے، لہٰذا شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ڈرائیونگ لائسنس فیس کی تفصیلات:کار ڈرائیونگ لائسنس کی ایک سالہ فیس مجموعی طور پر 1,980 روپے ہے، جس میں 150 روپے ٹیسٹ فیس، 1,350 روپے پاس ہونے کے بعد لائسنس فیس اور 480 روپے کورئیر چارجز شامل ہیں۔جبکہ تین سالہ ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی فیس 4,680 روپے مقرر کی گئی ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق پنجاب کے شہری اب آسانی سے ای-ڈرائیونگ لائسنس بھی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ممکن ہے۔