ملک میں بارش اور برفباری کا نیا اسپیل داخل ہو گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں سائبریا سے آنے والی سرد ہواؤں کے چلنے کی پیش گوئی کی ہےتفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائبریا سے آنے والی سرد ہوائیں دن بھر چلتی رہیں گی، جس کے باعث موسم مزید سرد رہنے کا امکان ہےدوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے نئے اسپیل کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 3 فروری تک ممکنہ بارش اور برفباری کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان اور ملک کے شمالی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم سے 3 فروری کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔