وفاقی حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کے خلاف بڑا اقدام 7 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم

وفاقی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں سے متعلق شکایات پر 7 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے جائیداد کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کے اثاثوں پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر 7 روز میں فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جاتا ہے اور ان کے لیے سرمایہ کاری کا محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سمندر پار پاکستانیوں کے اثاثوں کے 100 فیصد تحفظ کے لیے شفاف اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔