برطانیہ کو ایک کے بعد ایک شدید طوفان کا سامنا ہے، جہاں آج طوفان چندرا ملک سے ٹکرانے جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان چندرا اپنے ساتھ تیز ہوائیں، موسلا دھار بارش اور برف باری لے کر آئے گا، جس کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہےیہ رواں سال برطانیہ سے ٹکرانے والا تیسرا بڑا طوفان ہے۔ شمالی آئرلینڈ، جنوب مغربی اور جنوب مشرقی انگلینڈ اور ویلز میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث عمارتوں کو نقصان،درختوں کے گرنے اور بجلی کی بندش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہےطوفان چندرا کے پیش نظر برطانیہ کے 27 علاقوں میں برف باری کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ملک بھر میں معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سال کے آغاز سے ہی برطانیہ خراب موسمی حالات کی لپیٹ میں ہے۔میٹ آفس کے مطابق اگلا شدید برفانی طوفان، جسے برفانی بم قرار دیا جا رہا ہے، فی گھنٹہ 6 انچ تک برف باری کا سبب بن سکتا ہے، جس کا آغاز کل سے متوقع ہے۔ مغربی اور شمالی یارکشائر کے بلند علاقوں میں موٹی برف کی تہہ جمنے کا خدشہ ہےمحکمہ موسمیات نے مجموعی طور پر 10 موسمی وارننگز جاری کی ہیں، جب کہ سڑکوں اور ریل نیٹ ورک پر بڑے پیمانے پر خلل پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے شمالی حصوں اور اسکاٹ لینڈ کے کچھ علاقوں میں 20 سینٹی میٹر تک برف باری کا امکان ہے، جس سے سفر اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔