کراچی میں بارش کے بعد شدید سردی درجہ حرارت 6 ڈگری تک گر گیا 4 ڈگری کی سردی محسوس

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ یخ بستہ ہواؤں کے باعث شہر میں درجہ حرارت کم ہو کر 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جبکہ سردی کی شدت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ سردی اور بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مجموعی طور پر درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بن قاسم کے علاقے میں درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ آج شہر کا موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ بارش کے دوران گرد آلود تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 26.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نارتھ کراچی میں 20 ملی میٹر جبکہ گلشن معمار میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی۔موسمیاتی رپورٹ کے مطابق اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شمال مشرقی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔