شہر قائد کراچی میں سائبیریا کی سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت 6 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دن بھر سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں اسکردو میں منفی 14، استور میں منفی 11 اور گلگت میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئے۔ آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں سردی کی شدت کے باعث تعلیمی اداروں کی تعطیلات 17 جنوری تک بڑھا دی گئیں۔شمالی بلوچستان میں بھی یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ ہوا، زیارت اور قلات میں منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی 2 سے منفی 3 ڈگری ریکارڈ ہوئے جہاں سڑکوں پر جمع پانی جم کر برف بن گیا ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں صفر اور پشاور میں ایک ڈگری ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے اور بالائی علاقوں میں برفباری کے سلسلے کے جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔