ملک بھر کے بمللڈرز، ڈیولپرز اور ذاتی حیثیت میں گھر تعمیر کرانے والے افراد کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے، کیونکہ پاکستان بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی واقع ہو گئی ہے۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار گزشتہ ہفتے کے دوران ریٹیل سطح پر سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیمنٹ کی فروخت میں اضافے کے باعث خاص طور پر ملک کے شمالی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتیں کم ہوئی ہیں شمالی شہروں میں سیمنٹ کی ایک بوری کی اوسط خوردہ قیمت 1391 روپے سے کم ہو کر 1387 روپے ہو گئی ہے۔ تاہم ملک کے جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتیں مستحکم رہیں اور وہاں سیمنٹ کی اوسط خوردہ قیمت 1446 روپے فی بوری پر برقرار رہی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان میں سیمنٹ کی مجموعی ترسیل میں معمولی اضافہ دیکھا گیا جو 1.47 فیصد اضافے کے ساتھ 4.347 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ ملکی فروخت میں 6.42 فیصد اضافہ ہو کر 3.725 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور یہ 20.66 فیصد کمی کے بعد 621,685 ٹن رہ گئیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ تعمیراتی شعبے، رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز اور گھر بنانے والے افراد پر فوری اثرات مرتب کر سکتا ہے۔