متحدہ عرب امارات کی شمالی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ فجیرہ، راس الخیمہ اور ام القیون میں بارش نے موسم کو مزید سرد بنا دیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بارش کے باعث راس الخیمہ کے بلند ترین پہاڑ جبل جیس پر درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے گرد و غبار کے طوفان کے خدشے کے پیش نظر عوام، بالخصوص گاڑی چلانے والوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی تھیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ تیز ہوائیں حدِ نگاہ کو متاثر کر سکتی ہیں، جس سے ڈرائیونگ کے دوران خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔این سی ایم نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے اور گھروں و عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ موسم سے متعلق تازہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔