بنگلا دیش میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی غیر متوقع ملاقات

بنگلا دیش میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی غیر متوقع ملاقات ہوئی ہے، جسے خطے کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں خاص اہمیت حاصل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مرحومہ کے بیٹے اور بیٹی سے ملاقات کر کے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ڈھاکا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔ اسی موقع پر سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور ایاز صادق کے درمیان ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر ایاز صادق کی نشست پر آئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے چند منٹ کی مختصر گفتگو میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ کیا۔واضح رہے کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے حکام مختلف بین الاقوامی کانفرنسز اور کرکٹ مقابلوں کے دوران ایک دوسرے کو نظر انداز کرتے رہے ہیں۔ ایسے حالات میں یہ ملاقات اور مصافحہ غیر معمولی اور بامعنی قرار دیا جا رہا ہے۔یہ ملاقات معرکۂ حق بنیان المرصوص کے بعد ایک غیر رسمی رابطہ ہے، جس کی تصویر سفارتی حلقوں میں خاص توجہ حاصل کر رہی ہے، خصوصاً اس پس منظر میں کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایٹمی جنگ میں بھی تبدیل ہو سکتی تھی۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خالدہ ضیا کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور عوامِ پاکستان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مرحومہ کے بچوں نے نماز جنازہ میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ایاز صادق نے بنگلا دیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمان سے بھی ملاقات کی اور صدر و وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔