ڈریپ کا بڑا فیصلہ سکون آور اور دردکش ادویات کے خام مال کا کوٹہ آن لائن کرنے کا اعلان

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے سکون آور اور دردکش ادویات کے خام مال سے متعلق ایک اہم اور شفافیت پر مبنی فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈریپ ذرائع کے مطابق کنٹرولڈ ڈرگز کے خام مال کے کوٹہ الاٹمنٹ کا نظام مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔کوٹہ الاٹمنٹ سسٹم کو آن لائن کرنے کا مقصد شفافیت، سہولت اور نگرانی کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔ اس ضمن میں ڈریپ نے کنٹرولڈ ڈرگز کوٹہ ایلوکیشن سسٹم تیار کر لیا ہے، جو فریقین کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی۔ڈریپ کی جانب سے پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PPMA)، فارما بیورو (PB)، فارما کمپنیز اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کو باقاعدہ مراسلے بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق فارما کمپنیز کو 2026 کے لیے کنٹرولڈ ڈرگز کے خام مال کا کوٹہ آن لائن جاری کیا جائے گا۔ یکم جنوری سے کنٹرولڈ ڈرگز کے کوٹہ کے لیے ہارڈ کاپی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی، جبکہ تمام درخواستیں ای ایپ (e-App) سسٹم کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔فارما کمپنیز کو کنٹرولڈ ڈرگز کوٹہ الاٹمنٹ کا سرٹیفکیٹ بھی آن لائن فراہم کیا جائے گا، جبکہ اس نظام کو چلانے کے لیے متعلقہ اسٹاف کی ٹریننگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔