کراچی کی سڑکوں پر پارکنگ فیس لینا غیرقانونی ہے ایک روپیہ بھی جائز نہیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا ہے کہ کراچی کی کسی بھی سڑک پر پارکنگ کے نام پر ایک روپیہ وصول کرنا بھی غیرقانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے شہر بھر میں پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور اب کے ایم سی کسی بھی سڑک سے پارکنگ فیس وصول نہیں کر رہی۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اگر شہر کے مختلف علاقوں میں پارکنگ فیس لی جا رہی ہے تو وہ متعلقہ ٹاؤنز وصول کر رہے ہیں، جن میں منافقین کے ٹاؤن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ اچھے اقدامات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ چڑیا گھر کے اطراف کی سڑکیں ٹاؤن انتظامیہ نے کھود دی ہیں لیکن اب ان کی بحالی نہیں کی جا رہی، جبکہ کے ایم سی گزشتہ چند ماہ سے کراچی چڑیا گھر کے حالات بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر کی اندرونی گلیاں اور سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں، جنہیں اب بہتر بنایا جا رہا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ چڑیا گھر میں دو ایکڑ رقبے پر نیا انکلوژر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں شیر چاندی اور رانی کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ نئے انکلوژر میں بڑے بلٹ پروف شیشے نصب کیے گئے ہیں اور سیلفی کے شوقین شہریوں کے لیے خوبصورت برج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی نئے بڑے جانور کی خریداری کا فیصلہ نہیں کیا گیا، البتہ موجودہ جانوروں کی خوراک اور دیکھ بھال کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔