پنجاب کے شہر چنیوٹ کے علاقے بھوانہ گاؤں میں نشے میں دھت پولیس اہلکار نے گاڑی بچوں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق زخمی بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ملزم پولیس اہلکار اے ایس آئی محمد رمضان نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے ملزم کو موقع پر پکڑ لیا، جبکہ اس کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جب 15 پر کال کی گئی تو موقع پر آنے والی پولیس نے ملزم اے ایس آئی کو فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر روانہ کر دیا، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ زخمی بچوں کے اہلخانہ نے پولیس کے اس رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نشے میں بچوں کو کچلنے والے اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔بعد ازاں شدید احتجاج کے بعد پولیس نے تھانہ بھوانہ میں مقدمہ درج کر کے ملزم محمد رمضان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اے ایس آئی تھانہ مسن، ضلع جھنگ میں تعینات ہے، اس کی گاڑی سے شراب کی بوتل برآمد ہوئی ہے اور واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔