خیبرپختونخوا میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس اور مالاکنڈ میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح بونیر، مانسہرہ بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ، مہمند، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور شانگلہ میں سڑکیں بند ہونے یا پھسلن کا شکار ہونے کا خدشہ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا امکان بھی موجود ہے۔مزید برآں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے، بل بورڈز کو محفوظ بنایا جائے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔