جاپان میں خوفناک حادثہ 67 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں 2 افراد ہلاک 26 زخمی

جاپان میں ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 67 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث دو افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہےجاپانی مطابق یہ حادثہ جمعہ کے روز دارالحکومت ٹوکیو کے شمال مغرب میں واقع صوبہ گنما کے علاقے میناکامی میں کان ایٹسو ایکسپریس وے کی باہر جانے والی لین میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ شام تقریباً 7 بج کر 30 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب برف باری کے باعث سڑک پر شدید پھسلن پیدا ہو گئی تھی۔پولیس کے مطابق ایک حادثے کی وجہ سے ایک ٹرک پہلے ہی سڑک پر رکا ہوا تھا کہ اسی دوران پھسلن کے باعث دوسرا ٹرک آ کر اس سے ٹکرا گیا، جس کے بعد پیچھے سے آنے والی درجنوں گاڑیاں ایک کے بعد ایک ٹکراتی چلی گئیں اور تقریباً 300 میٹر طویل گاڑیوں کی قطار بن گئی۔حادثے کے نتیجے میں کم از کم 20 گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جسے بجھانے میں ریسکیو ٹیموں کو سات گھنٹے سے زائد وقت لگا۔ پولیس کے مطابق ٹوکیو سے تعلق رکھنے والی 77 سالہ خاتون، جو اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی تھیں، موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ ایک بڑے ٹرک کی ڈرائیور سیٹ سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ برف باری اور پھسلن کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ حادثے کے بعد ایکسپریس وے کے متاثرہ حصے کو بند کر دیا گیا، جہاں مکمل طور پر تباہ اور جل چکی گاڑیوں کی ایک طویل قطار دیکھی گئی۔