پاکستانیوں کیلئے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں، جہاں پاکستان اٹلی سے ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے پاکستان کو ملازمتوں کا کوٹہ الاٹ کر دیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی روزگار کی غرض سے اٹلی جائیں گے۔ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ سالانہ کوٹے میں 1500 سیزنل جبکہ 2000 نان سیزنل نوکریاں شامل ہیں۔ یہ کوٹہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک کی درخواست پر الاٹ کیا گیا۔وزارت کے مطابق شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند ورکرز کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا ہے، جبکہ پاکستان اور اٹلی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں ہوگا۔وفاقی وزیر چوہدری سالک نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستان کیلئے نوکریوں کا کوٹہ مختص کرنا ایک اہم سنگِ میل ہے، جس سے پاکستانی ورک فورس کیلئے یورپ میں روزگار کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔