جعفر ایکسپریس کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی سکیورٹی بوگی کوئٹہ پہنچا دی گئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کی حفاظت پر مامور فورسز کے لیے تیار کی گئی یہ جدید سکیورٹی بوگی جدید آلات سے لیس ہے جس کا کوئٹہ میں دو ہفتے تک ٹرائل کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔واضح رہے کہ 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے صبح 9 بجے 380 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تھی، تاہم پانیر اور مشکاف اسٹیشن کے درمیان دن ایک بجے آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے ٹرین کو روک دیا گیا۔دہشت گردوں نے ٹرین پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، ابتدائی طور پر 86 مسافروں کو رہا کیا گیا جبکہ 12 مارچ کو مزید 78 یرغمالی آزاد کر دیے گئے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 12 مارچ کی شام آپریشن شروع کیا جس کے دوران 190 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا جبکہ 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آپریشن میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ٹرین میں سوار 380 مسافروں میں سے 354 کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ 26 مسافر شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ ریلوے پولیس کا ایک کانسٹیبل اور ریلوے کا ایک ملازم بھی شہید ہوا۔