توشہ خانہ ٹو کیس بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے فیصلے کے خلاف اپیلیں تیار کر لیں

توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اپیلیں تیار کر لی ہیں، جو پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جائیں گی۔یہ اپیلیں اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے کے خلاف بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جن میں فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔اپیلوں کے متن کے مطابق عدالت نے انعام اللہ شاہ، جسے ملازمت سے برطرف کیا جا چکا تھا، اور وعدہ معاف گواہ کے بیانات پر انحصار کیا، جو قانونی طور پر درست نہیں۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ استغاثہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی، جبکہ ایک ہی جرم میں بار بار سزا نہیں دی جا سکتی۔درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ اسپیشل سینٹرل عدالت کو اس کیس کی سماعت کا اختیار ہی حاصل نہیں تھا۔ اپیل میں مزید کہا گیا کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا، جبکہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے نے اپنے پاس رکھی۔اپیلوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقدمہ بغیر مکمل تفتیش کے قائم کیا گیا اور یہ کارروائی سیاسی انتقام کے مترادف ہے۔درخواست گزاروں کے مطابق وہ سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتے، اس لیے ان کے خلاف کی جانے والی کارروائی قانون کے منافی ہے۔