پاکستان نیول اکیڈمی میں 124ویں مڈ شپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

نیو ل پاکستان اکیڈمی میں 124ویں مڈ شپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی پریڈ کے مہمانِ خصوصی کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی تھے، جن کا استقبال سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔پریڈ کے دوران کیڈٹس نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کو سلامی پیش کی جبکہ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں مڈ شپ مین شہاب احمد کو اکیڈمی ڈرک دی گئی جبکہ مڈ شپ مین محمد عزیز عباس کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق سے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کو چیف آف نیول اسٹاف گولڈ میڈل دیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے کہا کہ دعوت دینے پر وہ پاک بحریہ کے سربراہ کے شکر گزار ہیں اور یہ ان کے لیے اعزاز ہے کہ وہ بھی پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کے لیے امکانات کی ایک وسیع دنیا موجود ہے اور وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ پاکستان نیول اکیڈمی اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہی ہے۔ریئر ایڈمرل احمد ابراہیم آل بن علی نے مزید کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاک بحرین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی اور دونوں ممالک اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں کردار کی اہمیت بہت زیادہ ہے جبکہ غیر ملکی کیڈٹس کو تربیت دینا پاکستان نیول اکیڈمی کے لیے باعثِ فخر ہے۔