فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسمگل شدہ اور نان کسٹم پیڈ سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ یکم جنوری سے ٹیکس حکام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کریں گے اور اسمگل شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کریں گے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق فروخت کنندگان کی شناخت ای میل، موبائل نمبر اور نادرا کی مدد سے کی جائے گی۔ ان کے گوداموں اور دکانوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کارروائی میں اسمگل شدہ الیکٹرونکس، گھریلو آلات، جوتے، کپڑے، میک اپ کا سامان، ٹائر، گاڑی کے پرزہ جات، لیپ ٹاپ، کروم بکس اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ایف بی آر نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد قومی معیشت کو تحفظ فراہم کرنا اور اسمگلنگ روکنا ہے۔ پہلے بھی ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر پرتعیش زندگی دکھانے والے ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا۔