پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ سپلائی کرنے والے 2 گروہوں کے سرغنہ گرفتار

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی دودھ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے پنجاب بھر میں سپلائی کرنے والے دو بڑے گروہوں کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہےڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق ملزم رؤف بھٹی کو چکوال جبکہ ملزم مقصود بھٹی کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں ملزمان طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھے اور ان کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے۔ مقصود بھٹی 6 جبکہ رؤف بھٹی 8 مختلف مقدمات میں ملوث تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ صوبہ بدر ہونے کے باوجود ملزمان نے دوسرے صوبوں اور وفاق میں جعلی دودھ کے یونٹس قائم کرنے کی کوشش کی، جو کہ ریاستی رٹ کے لیے ایک سنگین چیلنج تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مؤثر ریکی اور انٹیلی جنس کارروائیوں کے نتیجے میں ملزمان کے تمام یونٹس بند کر دیے گئے ہیںانہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد، چکوال وہاڑی، بہاولنگر اور راولپنڈی میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں اور پنجاب بھر میں ان کے تمام ٹھکانے سیل کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اکتوبر میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے میانوالی میں 1600 کلو بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت شہر میں سپلائی ہونے سے قبل تلف کر دیا تھا۔ کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بیمار مرغیوں کا گوشت مختلف ہوٹلز میں سپلائی کیا جانا تھا۔