لاہور ایئرپورٹ پر ایک نجی ایئر لائن کے خلاف مسافروں نے شدید احتجاج کیا ہے، جہاں ایئر لائن کی جانب سے دوسری مرتبہ بھی وقت دینے کے باوجود فلائٹ منسوخ کر دی گئی، جس پر مسافر شدید برہم نظر آئے۔مسافروں کے مطابق نجی ایئر لائن نے آج صبح 10 بجے روانگی کا وقت دیا تھا، تاہم مقررہ وقت پر فلائٹ دوبارہ منسوخ کر دی گئی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہیں 19 دسمبر کی ٹکٹ جاری کی گئی تھی، مگر جب وہ ایئرپورٹ پہنچے تو بتایا گیا کہ پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔ایئر لائن نے بعد ازاں مسافروں کو 21 دسمبر کی نئی ٹکٹ جاری کی، تاہم یہ پرواز بھی بغیر پیشگی اطلاع منسوخ کر دی گئی۔ مسافروں کے مطابق انہیں دوسری بار فلائٹ کی منسوخی کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی۔حتجاجی مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ شدید دھند اور سرد موسم میں مختلف شہروں سے سفر کر کے لاہور ایئرپورٹ پہنچے، جبکہ کئی مسافر گزشتہ چار دن سے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب نجی ایئر لائن کی فلائٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث پرواز منسوخ کی گئی ہے، اور خرابی دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق تکنیکی خرابی دور کیے بغیر فلائٹ روانہ نہیں کی جا سکتی۔