وفاقی حکومت نے جولائی تا نومبر 2025 میں 858 ارب روپے قرض حاصل کر لیا

وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ جولائی تا نومبر 2025 کے دوران مجموعی طور پر 858 ارب روپے قرض حاصل کیا ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں زیادہ قرض لیا۔ گزشتہ مالی سال جولائی تا نومبر کے دوران 741 ارب روپے قرض حاصل کیا گیا تھا، جب کہ رواں مالی سال اسی مدت میں 117 ارب روپے زائد قرض لیا گیا۔دستاویزات کے مطابق صرف نومبر 2025 میں وفاقی حکومت نے 144 ارب روپے قرض حاصل کیا، جو نومبر 2024 کے مقابلے میں 4 ارب روپے زیادہ ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق نومبر کے دوران حکومت نے دو طرفہ اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 31 کروڑ 45 لاکھ ڈالر حاصل کیے، جبکہ اسی ماہ 19 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کے نیو پاکستان سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ماہرین کے مطابق قرضوں میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔