لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد علی احمد الحداد کو لے جانے والا نجی طیارہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا، حادثے کے آخری لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فالکن 50 بزنس جیٹ ترکیہ کے ضلع ہایمانا کے علاقے کیسک کاواک کے قریب گر کر تباہ ہوا، جو انقرہ سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ زمین کی طرف تیزی سے گرتا ہے جس کے بعد زور دار دھماکا ہوتا ہے۔لیبیا کے حکام کے مطابق جنرل محمد علی احمد الحداد انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں آرمی چیف سمیت 4 سینئر فوجی افسران اور طیارے کے 3 عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں جنرل الفیطوری غریبل (سربراہ بری افواج)، بریگیڈیئر جنرل محمود القطاوی (ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے سربراہ)، محمد الاساوی دیاب (چیف آف اسٹاف کے مشیر) اور محمد عمر احمد محجوب (فوجی فوٹوگرافر) شامل ہیں۔لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل الحداد کی شہادت ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ لیبیا کی جانب رواں دواں تھا۔واضح رہے کہ جنرل محمد علی احمد الحداد مغربی لیبیا کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر تھے اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں لیبیا کی منقسم فوج کو متحد کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔