شہر قائد کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے انوکھی واردات کرتے ہوئے ایک ملک شاپ سے دودھ سے بھری ٹنکی لوٹ لی۔ اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہےجس میں کار سوار ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔فوٹیج کے مطابق ایک گاڑی ملک شاپ کے سامنے رکی، جس سے دو ملزمان باہر نکلے اور دودھ سے بھری ٹنکی اٹھا کر لے جانے کی کوشش کی۔ دکان کے باہر مشکوک افراد کو دیکھ کر ملک شاپ کا مالک باہر آیا اور مزاحمت کی کوشش کی، تاہم ڈاکوؤں نے اسے اسلحے کے زور پر دھمکایا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ملزمان اسلحے کے زور پر دودھ سے بھری ٹنکی چھین کر موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دریں اثنا، کراچی کے علاقے کیماڑی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق آپریشن شیر شاہ، مدینہ کالونی اور بلدیہ کے علاقوں میں کیا گیا، جہاں داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا،جن میں سے 3 جرائم پیشہ ملزمان کو شیر شاہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی شناخت عامر، ریاض اور ماجد کے نام سے ہوئی ہے۔آپریشن کے دوران مشکوک مقامات، بند ہوٹلوں اور چائے خانوں کی بھی مکمل تلاشی لی گئی، جبکہ خواتین پولیس اہلکار بھی کارروائی کا حصہ تھیں۔