قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے سلسلے میں نیلامی آج منعقد کی جا رہی ہے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق بولیاں جمع کرانے کا وقت آج صبح ساڑھے دس بجے تک مقرر کیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق موصول ہونے والی بولیاں سہ پہر ساڑھے تین بجے نیلامی کی تقریب میں کھولی جائیں گی، جبکہ اس پورے عمل کو براہ راست نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا۔پی آئی اے کی خریداری کے لیے تین بڑے کنسورشیم میدان میں ہیں۔ تیسرے کنسورشیم میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ بھی بولی کے عمل میں شریک ہے۔نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔ کامیاب بولی دہندہ کو جرمنی نیدرلینڈز اور بھارت میں واقع پانچ قیمتی پراپرٹیز بھی دی جائیں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ نجکاری میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو 2 ارب روپے زرِ ضمانت جمع کرانا ہوگا، جبکہ نجکاری کے بعد پی آئی اے میں کم از کم 80 ارب روپے کی فنانسنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔پی آئی اے کے نئے خریدار کو نئے طیاروں کی خریداری پر سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ قومی ایئر لائن کے واجبات کا معاملہ بولی سے قبل حل کر لیا گیا ہے۔